کاروار:16؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)ساگرمالا منصوبے کے تحت جاری تعمیراتی کام کے متعلق نظر ثانی کرنے کے لئے وزیر موصوف سے اپیل کی گئی ہے، مثبت انداز میں جواب ملنے کا امکان ہے۔ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے ماہی گیروں سے میمورنڈم وصول کرنے کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا۔
ساگر مالا تعمیراتی کام کی مخالفت میں ماہی گیروں کی طرف سے 16 جنوری بروز جمعرات کو اعلان کئے گئے ’کاروار بند ‘ کے موقع پر احتجاجیوں سے میمورنڈم وصول کرنے کے بعد ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے ماہی گیروں سے کہاکہ وزیر برائے ماہی گیر اور بندرگاہ بنگلورو میں مقامی ماہی گیر لیڈران اور ماہرین کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے فیصلہ لیں گے۔ مختلف منصوبہ جات کی وجہ سے ساحل غائب ہونے کے متعلق مقامی عوام اورماہی گیروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر موصوف کوئی فیصلہ لیں گے ، تب تک ساحل پر جاری تعمیراتی کام روکے جانے کا اعلان کیا۔
